راولپنڈی ٹیسٹ؛ بنگلادیش کیخلاف 3وکٹیں جلد گنوانے کے بعد پاکستان کی کھیل میں واپسی

راولپنڈی ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 16 رنز پر 3 وکٹیں گنوانے کے بعد پاکستان ٹیم بنگلادیش کے خلاف کھیل میں واپس آگئی۔پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی اوپنرز بنگلادیشی بالرز کو کھیلنے میں ناکام رہے، اوپنر عبداللہ شفیق 2، کپتان شان مسعود 6 اور بابراعظم صفر پر پویلین روانہ ہوئے۔تین وکٹیں جلد گنوانے کے بعد اوپنر صائم ایوب اور نائب کپتان سعود شکیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چائے کے وقفے تک ٹیم کا اسکور 81 رنز تک پہنچا دیا۔ صائم ایوب 42 اور سعود شکیل 28 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔تجربہ کار بلے باز بابراعظم ہوم گراؤنڈ میں پہلی مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے۔
ٹاس
قبل ازیں، بنگلادیشی کپتان نجم الحسن شانتو نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش کریں اوور کاسٹ کنڈیشنز کا فائدہ اٹھاکر گرین شرٹس کی جلد وکٹیں حاصل کریں۔اس موقع پر کپتان شان مسعود نے کہا کہ ٹاس جیتے تو فیلڈنگ ہی کا فیصلہ کرتے تاہم کوشش ہوگی بورڈ پر بڑا اسکور کھڑا کرکے بنگال ٹائیگرز کے بالرز کو پریشر میں لائیں۔ٹیسٹ میچ کے آغاز سے قبل باعث گیلی آؤٹ فیلڈ سے ٹاس تاخیر کا شکار رہا تاہم بعدازاں امپائرز نے گراؤنڈ کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے ٹاس اور کھیل کا آغاز 2:30 بجے کرنے کا فیصلہ کیا۔امپائرز نے مشاورت کے بعد پہلے دن کا کھیل 48 اوورز تک محدود کردیا ہے جبکہ چائے کا وقفہ محض 20 منٹ کا ہوگا اور میچ شام 6 بجے تک کھیلا جائے گا۔دوسری جانب امپائرز نے میچ میں تاخیر کی وجہ سے کھانے کا وقفہ بھی جلدی کردیا تھا تاکہ میچ کا تسلسل قائم رکھا جاسکے۔ واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم بنگلادیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں 4 فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اترے گی۔گزشتہ روز دونوں ٹیموں کے کپتانوں شان مسعود اور نجم الحسن شانتو نے ٹرافی کی رونمائی کی تقریب میں حصہ لیا تھا۔
پاکستان کا اسکواڈ:
کپتان شان مسعود، نائب کپتان سعود شکیل، عبداللہ شفیق، بابراعظم ، خرم شہزاد ، محمد علی، محمد رضوان، نسیم شاہ، صائم ایوب، سلمان علی آغا اور شاہین شاہ آفریدی