ٹاؤنز ویل: سابق آسٹریلوی کرکٹر اینڈریو سائمنڈز خوفناک کار حادثے میں ہلاک ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سابق آسٹریلوی کرکٹر اینڈریو سائمنڈز خوفناک کار حادثے میں ہلاک ہوگئے۔ اینڈریو سائمنڈز کی کار کو حادثہ آسٹریلیا کے شہر ٹاؤنزویل کے قریب پیش آیا۔
کوئنز لینڈ پولیس کا کہنا ہے کہ اینڈریو سائمنڈز کی کار کو حادثہ گزشتہ شب ساڑھے 10 بجے پیش آیا جب کہ کار حادثے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ رات 11 بجے کے کچھ ہی دیر بعد سائمنڈز کی کار ایلس ریور برج کے قریب ہروی رینج روڈ پر چلائی جا رہی تھی جب وہ سڑک سے نکل کر حادثے کا شکار ہوئی۔
46 سالہ سائمنڈز نے 198 ون ڈے، 46 ٹیسٹ اور 14 ٹی ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے اور 2 مرتبہ آسٹریلوی ورلڈ چیمپئن اسکواڈ کا حصہ بھی رہے۔ انہوں نے نومبر 1998 میں ایک ون ڈے میں آسٹریلوی ٹیم کیلیے ڈیبیو کیا لیکن سائمنڈز جنوبی افریقہ میں 2003 کے ورلڈ کپ میں بین الاقوامی سرکٹ پر پہنچے تھے۔
ان کے سابق ساتھی کرکٹر ایڈم گلکرسٹ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ یہ واقعی تکلیف دہ ہے۔
افسوسناک واقعے پر پاکستان کے سابق کرکٹر شعیب اختر نے اینڈریو سائمنڈز کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور انہوں نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ آسٹریلیا میں کار حادثے میں اینڈریو سائمنڈز کی موت کے بارے میں سن کر بہت اداسی ہوئی، ہمارے درمیان میدان کے اندر اور باہر بہت اچھے تعلقات رہے، سائمنڈز کی فیملی کیلیے دعا کرتا ہوں۔