سری لنکا کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی

سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز 378 رنز کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار ہے اور اس کے 6 بہترین بلے باز صرف 158 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ 

گال میں کھیلے جانے والی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز سری لنکا نے 315 رنز اور چھ کھلاڑیوں کے نقصان پر بیٹنگ دوبارہ شروع کی اور 378 کے مجموعی رنز پر پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔جواب میں پاکستانی اوپنرز نے عبداللہ شفیق اور امام الحق عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ نہ کرسکے۔ صرف ایک رنز کے مجموعی اسکور پر عبداللہ شفیق کوئی رن بنائے بغیر آوٹ ہوگئے۔

ون ڈاؤن آنے والے کپتان بابر اعظم 35 کے مجموعی اسکور پر صرف 16 رنز بنا کر ڈریسنگ روم لوٹ آئے۔ کپتان کے آؤٹ ہوتے ہی 65 کے مجموعی اسکور پر امام الحق بھی 32 رنز بناکر وکٹ دے بیٹھے۔

مجموعی اسکور میں صرف 23 رنز اضافے کے بعد چوتھے کھلاڑی محمد رضوان وکٹ گنوا بیٹھے۔ انھوں نے 24 رنز بنائے۔

فواد عالم بھی 24 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جب کہ مجموعی اسکور صرف 119 تھا۔ کچھ ہی دیر بعد محمد نواز 14 رنز بناکر 145 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔

سری لنکا کی جانب سے رمیش مینڈس نے 3 جب کہ اسیتھا فرنانڈو، پربتھ جے وسوریہ اور دہانن جیا ڈی سلوا نے ایک ایک وکٹ لی۔

پہلا روز

گال میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں نروشن ڈکویلا 42 اور ڈینوت ویلانگے 6 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔ کپتان ڈیموتھ کرونارتنے 40، اوشاڈا فرنینڈو 50، کوشل مینڈس 3 اور اینجلو میتھیوز 42، دنیش چندیمل 80 اور دھننجایا ڈی سلوا 33 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے 2 جبکہ نعمان علی، یاسر شاہ اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں سری لنکا کے کپتان ڈیموتھ کرونارتنے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا،ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی پاکستان کو شکست دیکر آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ رینکنگ میں اپنی پوزیشن مستحکم کریں۔

سری لنکا نے دوسرے میچ میں ایک تبدیلی کی ہے، آستریلیا کے خلاف شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ اسپنر ڈینوت ویلانگے کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس ہارنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انجری کے شکار شاہین آفریدی کی جگہ نعمان علی جبکہ اظہر علی کی جگہ فواد عالم کو فائنل الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔

پاکستان کا اسکواڈ

کپتان بابراعظم، عبداللہ شفیق، امام الحق، فواد عالم، محمد رضوان، سلمان علی آغا، محمد نواز، نعمان علی، یاسر شاہ، حسن علی اور نسیم شاہ شامل ہیں۔

سری لنکا کا اسکواڈ

کپتان ڈیموتھ کرونارتنے، اوشاڈا فرنینڈو، کوشل مینڈس، اینجلو میتھیوز، دنیش چندیمل، دھننجایا ڈی سلوا، نروشن ڈکویلا، رمیش مینڈس، پربت جے سوریا، ڈینوت ویلانگے اور اسیتھا فرنینڈو شامل ہیں۔