برمنگھم: کامن ویلتھ گیمز میں پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم آج جیولین تھرو ایونٹ فائنل میں ایکشن میں ہوں گے۔
ارشد کا فائنل راؤنڈ پاکستانی وقت کے مطابق رات گیارہ بجکر چالیس منٹ پر طے ہے ۔اولمپکس اور ورلڈ چیمپئن شپ میں پانچویں پوزیشن پانے والے ارشد ندیم کا کہنا ہے کہ میڈل جیتنے کے لیے پورا زور لگاؤں گا۔
ایتھلیٹ کے معالج ڈاکٹر اسد عباس کہتے ہیں کہ ارشد نوے فیصد فٹ ہے، اسی انجری کے ساتھ اس نے اولمپکس اور ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ میں حصہ لیا تھا، یہاں ہم نے اس کی فٹنس کو مزید بہتر کرنے پر کام کیا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یقین ہے کہ ارشد اچھی تھرو کرے گا اور میڈل اپنے نام کرے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان کے ایک سو تین رکنی دستے نے کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کی۔ پاکستان اب تک ایک گولڈ، تین سلور اور دو برانز میڈل جیت چکا ہے۔ گزشتہ کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان نے پانچ میڈلز حاصل کیے تھے۔