چیف آرگنائزر لبریشن فرنٹ صابر گل نے الطاف بخاری کو گٹھیا سیاسی جوکر اور بی جے پی کا آلہ کار قرار دیدیا
راولپنڈی (نمائندہ خصوصی)جموں کشمیر لبریشن فرنٹ نے یاسین ملک کے خلاف این آئی اے کے نئے اقدام کے حق میں بیان دینے پر الطاف بخاری کو گھٹیا سیاسی جوکر اور بی جے پی کا آلہ کار قرار دیا۔ قوم ایسے افراد کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔یاسین ملک مقبول بٹ کا پیروکار ہے جس نے پھانسی کو چوما لیکن جدوجہد اور اپنے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔امریکہ، برطانیہ، یورپی یونین اور او آئی سی کو منافقت کی سیاست چھوڑ کر تمام اقوام کے انسانی حقوق کا یکساں خیال رکھنا چاہیے۔ // مرکزی چیف آرگنائزر لبریشن فرنٹ۔جموں کشمیر لبریشن فرنٹ نے اپنے محبوس چیئرمین محمد یاسین ملک کو موت کی سزا سنانے کے لیے دہلی ہائی کورٹ میں این آئی اے کی عرضی کو بھارت کی مذموم کوشش قرار دیا ہے۔ یہ بات لبریشن فرنٹ کے مرکزی چیف آرگنائزر جناب صابر گل نے لندن سے یاسین ملک کے خلاف بھارتی اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہی۔برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں پارٹی کے انٹرنیشنل سیکرٹریٹ سے جاری ایک بیان میں جناب صابر گل نے کہا کہ ٹھیک ایک سال بعد جب بھارت کی موجودہ انتہا پسند حکومت کی ایماء پر یاسین ملک کو ایک خصوصی عدالت نے جعلی، من گھڑت اور فضول مقدمات کی پاداش میں غیر منصفانہ طور پر عمر قید کی سزا سنائی تھی، اسی بھارتی بدنام زمانہ ایجنسی این آئی اے نے اب یاسین ملک کی سزائے موت کے لیے دہلی ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔محبوس چیئرمین لبریشن یاسین ملک کو حکومت ہند کے ہاتھوں سیاسی انتقام کا بدترین شکار قرار دیتے ہوئے صابر گل نے کہا کہ یاسین ملک کو سزائے موت دینے کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کرنا ازخود اس ایجنسی کے سیاسی ایجنڈے اور کشمیری سیاسی قیدیوں کے ساتھ بھارتی حکومت کے غیر جمہوری و غیر منصفانہ رویے کو ظاہر کرتا ہے۔ صابر گل نے کہا کہ یاسین ملک جیسے اونچے قد و کاٹھ والے سیاسی لیڈر پر دہشت گردی کے من گھڑت الزامات عائد کرنا مزاق کے سوا کچھ نہیں کہ عمر قید کی سزا سنائے جانے کے بعد اب حکومت انہی فرضی مقدمات کی پاداش میں انہیں موت کی سزا دینےپر تلی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا بھارت کے اس رویے سے ان لوگوں کی آنکھیں کھلنی چاہئے جو اب بھی بھارت پر یقین رکھتے ہیں کہ وہ جمہوری اقدار اور قانون کی پاسداری کرنے والا ملک ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی مقبوضہ جموں کشمیر کے لوگوں کی ناقابلِ برداشت حالتِ زار، بلا روک ٹوک کے انسانی حقوق کی پامالیوں کی کاروائیاں، میڈیا کو دبانے کے واقعات، سیاسی اختلاف کی آواز کو خاموش کرنے کے لیے این آئی اے کا استعمال اور آزادی کی آواز کو کچلنے کے لیے بھاری فوجی طاقت کا استعمال، ریاست جموں کشمیر میں بھارتی ریاستی سرپرستی میں جاری دہشت گردی کی واضح مثالیں ہیں۔ صابر گل نے کہا کہ بھارتی حکومت نے کشمیر میں اپنی ظالمانہ روش کو بڑھا دیا ہے اور افسوس! بشمول برطانیہ، امریکہ، یورپی یونین اور او آئی سی بین الاقوامی برادری خاص طور پر جمہوریت، انسانی حقوق، آزادئ صحافت اور عدم تشدد کے نام نہاد چیمپئن اپنے معاشی مقاصد کے حصول کے لیے بھارتی جرائم میں برابر کے شریک ہیں۔بیان کے مطابق، جے کے ایل ایف کے چیف آرگنائزر نے کہاکہ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ جنگ بندی لائن کے دونوں اطراف ریاست جموں کشمیر کی سب سے بڑی آزادی پسند سیاسی تنظیم ہے جس کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو عدم تشدد اور پر امن سیاسی عقائد کی بناء پر بھارتی فاشسٹ حکومت عتاب کا نشانہ بنا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ بات قابل ذکر ہے کہ جے کے ایل ایف اور یاسین ملک نے جموں کشمیر کے مسئلہ کے پرامن حل میں زبردست کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے مغربی اور یورپی ممالک، خاص طور پر برطانیہ، امریکہ، اور یورپی یونین کے کئی رکن ممالک لبریشن فرنٹ، اس کی قیادت اور اس کی جدوجہد سے واقف ہیں۔ لبریشن فرنٹ کے رہنما نے عالمی رہنماؤں بالخصوص برطانیہ، امریکہ، یورپی یونین اور او آئی سی پر زور دیا کہ وہ منافقت کی سیاست ترک کریں اور کشمیریوں سمیت تمام اقوام کے انسانی حقوق کا یکساں خیال رکھیں، وگرنہ بہت جلد وہ وقت آئے گا جب آزادی، جمہوریت اور انسانی حقوق پر ان کے خطبات پر نہ کوئی یقین کرے گا اور ناہی کوئی دھیان دے گا۔جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیف آرگنائزر جناب صابر گل نے الطاف بخاری اور بی جے پی کے کچھ لیڈروں کو یاسین ملک کو سزائے موت سنانے کے لیے ہائی کورٹ میں این آئی اے کی درخواست کی حمایت میں جاری ٹویٹ پر اپنا سخت ردعمل دیتے ہوئے الطاف بخاری کو گھٹیا سیاسی جوکر اور بی جے پی کا آلہ کار قرار دیا، جس نے اپنے ذاتی اور حقیر مفادات کے حصول کے لئے ہمیشہ طاقتور کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں الطاف بخاری اور ان کے مرحوم والد نے ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور محترمہ محبوبہ مفتی کی جماعتوں کو بھارتی ایجنسیوں کی ایماء پر دھوکے دیے اور تحریک آزادی کے عروج پر آزادی پسندوں کے ساتھ اپنے روابط کا استعمال کرتے ہوئے اس خاندان نے صرف اپنے مفادات حاصل کئے۔ حد تو یہ ہے کہ مذکورہ شخص نے اپنے موجودہ بھارتی آقاوں بالخصوص نریندر مودی اور آر ایس ایس کی خوشنودی کے عوض اقتدار کے حصول کی خاطر ۵ اگست ۲۰۱۹ ء کی بھارتی جارحیت کو جائز قرار دیا اور قوم کے زخموں پر نمک پاشی کی۔صابر گل نے مزید کہا کہ الطاف بخاری جیسے کرداروں کو قوم کبھی اور کسی بھی صورت میں معاف نہیں کرے گی۔ صابر گل نے کہا کہ این آئی اے کی جانب سے یاسین ملک کو پھانسی دینے کی درخواست پر قومی جذبات کے برعکس خوشی کا اظہار کرکے الطاف بخاری نے حقیقت میں اپنا شجرئے خیانت، غداری، لوٹ مار اور بوٹ پالشی جیسے اصلی کردار کا مظاہرہ کیا۔لبریشن فرنٹ کے چیف آرگنائزر نے کہا کہ الطاف بخاری جیسے لوگوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ یاسین ملک کشمیریوں کے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ رہنما، مادر وطن کے بہادر بیٹے اور شہید محمد مقبول بٹ کے پیروکار ہیں، جس نے تختئے دار کو چوما لیکن اپنے اصولوں اور جدوجہد پر سمجھوتہ نہیں کیا۔ صابر گل نے خبردار کیا کہ الطاف بخاری جیسے کرداروں کو یاد رکھنا چاہیے کہ ان کے آقا انہیں جلد ہی ٹشو پیپر کی طرح استعمال کر کے پھینک دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کی عوام انسانیت کے خلاف بالعموم اور جموں کشمیر کی تحریک آزادی کے مقدس مقصد کے خلاف ان کے جرائم کے لیے انہیں کبھی معاف نہیں کریں گے۔