مظفرآباد ابیٹ آباد سڑک 2 گھنٹے بند،انتظامیہ نے مظاہرین کے 8 نکاتی مطالبات کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے،

مظفرآباد (نمائندہ خصوصی) مظفرآباد ابیٹ آباد سڑک 2 گھنٹے بند،انتظامیہ نے مظاہرین کے 8 نکاتی مطالبات کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے،مظاہرین نے مطالبات کی منظوری کے بعد سڑک کھول دی،مطالبات کی مکمل منظوری کیلئے 15 دن کا الٹی میٹم۔تفصیلات کے مطابق لوہارگلی سلائیڈ کے مسئلہ اور اس سلائیڈ سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کیلئے اہل علاقہ لوہارگلی تا برارکوٹ نے حکومت کو 48 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا تھا جو آج پورا ہونے کے بعد اہل علاقہ نے پترینڈ ایکشن کمیٹی کی کال پر مرکزی مظفرآباد تا ابیٹ آباد شاہراہ لوہار گلی کے مقام سے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دی،صبح دس بجے لوہار گلی سے بند سڑک پر دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔اہل علاقہ کے جم غفیر نے لوہار گلی چوک میں جمع ہوکر حکومت اور متعلقہ اداروں کے خلاف شدید نعرہ بازی کی،مظاہرہ میں ممبر ضلع کونسل تسلیم عباسی،سردار تسلیم باغی،انجم زمان اعوان،عادل قریشی جبکہ اہل علاقہ سے ذیشان عباسی،ندیم قریشی،جہانگیر قریشی،ارشاد قریشی،وسیم رشید،آفتاب قریشی،چوہدری نثار،ساجد قریشی سمیت اہل علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی،مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے سردار تسلیم باغی،تسلیم عباسی،ذیشان عباسی،ندیم قریشی،شفیق انقلابی دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوہارگلی سلائیڈ ایک دیرینہ مسئلہ ہے جس پر حکومتوں کی بے حسی ناقابل برداشت ہے،اس راستے سے اگر وزیراعظم آزاد کشمیر یا چیف سیکرٹری کے بچے گزرتے تو یہ سلائیڈ کا مسئلہ فوراً حل کر دیا جاتا،لیکن اس علاقے کی عوام کو حکومت اور محکمہ شاہرات بھیڑ بکریاں سمجھتے ہیں،محکمہ شاہرات اور متعلقہ ٹھیکیدار کو اس بات کا احساس نہیں کہ یہاں سے انسان گزرتے ہیں،دھول مٹی اسقدر زیادہ ہیکہ سانس لینا محال ہوتا ہے،چھوٹے بچے سکول جاتے اور خواتین سفر کرتے اذیت کا شکار ہوتے ہیں،خطاب کے دوران عوام نے وزیراعظم آزاد کشمیر،حکومت،و محکمہ شاہرات کے خلاف شدید نعرہ بازی بھی کی،سڑک بند ہونے کے فوراً بعد ایس ایچ او تھانہ سٹی راجہ یاسر،چوکی افسر راجہ اشرف نے نفری سمیت پہنچ کر سڑک کھلوانے کی کوشش کی لیکن مظاہرین نے سڑک کھولنے سے انکار کر دیا،جسکے بعد ضلعی انتظامیہ کی طرف سے اے ڈی سی مظفرآباد راجہ صداقت،اے سی مظفرآباد منیر قریشی،ایس ایس پی اشتیاق گیلانی،جبکہ محکمہ شاہرات کی جانب سے ایس سی (سپریڈنٹ انجینئر) راجہ امجد،ایکسئین شاہرات مظفرآباد سدھیر مغل نے موقع پر پہنچ کر اہل علاقہ سے مذاکرات کیے۔مزاکرات میں اہل علاقہ کی جانب سے 8 نکاتی مطالبات پیش کیے گئے،مطالبات میں لوہارگلی سلائیڈ پر محکمہ شاہرات کی مشینری فیول سمیت سلائیڈ پر موجود رہنا،پانی کی متبادل نکاسی،متبادل بائی پاس سڑک کا بحال رہنا،سلائیڈ کی شجر کاری،پانی کے چھڑکاؤ کیلئے ٹینکر کا موجود رہنا اور لوہار گلی ٹنل کی تعمیر کے حوالے سے تفصیلات عوام کے سامنے لانا اور متاثرہ آبادی کو معاوضہ جات کی ادائیگی کے مطالبات شامل تھے،مزاکراتی کمیٹی نے ایل علاقہ کے تمام مطالبات کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں مکمل تعاون کی یقین دھانی کروائی،اور مطالبات کے فوری حل کیلئے فوری حکمت عملی ترتیب دینے کے احکامات بھی جاری کروانے وعدہ کیا، جس کے بعد اہل علاقہ نے سڑک کھولتے ہوئے انتظامیہ کو ان مطالبات کی مکمل منظوری کیلئے 15 دن کا مزید الٹی میٹم دے دیا۔