سینٹرل بار مظفرآبد کے وکلا سکندر ایڈووکیٹ ‘راجہ آفتاب صدیق پر قاتلانہ حملوں کیخلاف سینٹرل بار ایسوسی ایشن کا احتجاج ‘عدالتوں کا بائیکاٹ
مظفرآباد(نمائندہ خصوصی)سینٹرل بار مظفرآباد کے سینئر وکلاء ملک سکندر عارف ایڈووکیٹ اور راجہ آفتاب صدیق ایڈووکیٹ پر قاتلانہ حملوں،ملک سکندر کے اہل خانہ کو زدوکوب کرنے اور ان پر فائرنگ کرکے زخمی کرنے والے قبضہ مافیا کے خلاف سینٹرل بار ایسوسی ایشن کا احتجاج۔عدالتوں کا بائیکاٹ، احتجاجی ریلی نکالی، جس میں ملزمان کی فوری گرفتاری اور قرار واقعی سزا کا مطالبہ کیا گیا۔ریلی کے اختتام پر مرکزی ایوان صحافت میں صدر سینٹرل بار راجہ آفتاب احمد ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری اسد عباسی ایڈووکیٹ، ممبر بار کونسل سید آشفاق کاظمی ایڈووکیٹ، محترمہ کوثر پروین ایڈووکیٹ نے دیگر وکلاء کے ہمراہ مرکزی ایوان صحافت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء پر قبضہ مافیا کی جانب سے قاتلانہ حملوں میں ملوث ملزمان کو بدھ تک گرفتار نہ کیا گیا تو وکلاء برادری تالہ بند ہڑتال کرے گی۔ان واقعات میں ملوث کسی ملزم کی کوئی بھی وکیل قانونی معاونت نہیں کرے گا۔اگر کسی ممبر نے ایسا کیا تو اسکی ممبر شپ منسوخ کر کے اس کا مکمل سوشل بائیکاٹ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ دارالحکومت میں قبضہ مافیا زبردستی لوگوں کی زمینوں اور گرین ایریا پر قابض ہو رہا ہے شہر کا پرامن اور روادری کا ماحول خراب کیا جا رہا ہے ایسے شرپسند عناصر کی ہر سطح پر حوصلہ شکنی کی جائے۔شہر کے پٹواری ان معاملات میں برابر کے شریک ہیں۔ساتھرہ موڑ سمیت شہر کے گرین ایریا پر قبضہ کیا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ شرپسند عناصر کردار کشی کر رہے ہیں اگر ایسا کوئی ایشو ہے تو سامنے لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سندھ کی طرز پر آزاد کشمیر میں بھی لائرز ویلفیئر پروٹیکشن ایکٹ فافذ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ جلد ریاست بھر کے وکلاء کو جمع کر کے متفقہ لائحہ عمل بنائیں گے۔