سکالرز کالج کے طالبعلوں کا مستقبل محفوظ‘ ٹیچر ایجوکیشن پروگرام کیلئے ایکریڈیشن کے حصول کا اہم سنگ میل عبور کرلیا

مظفرآباد ( نمائندہ خصوصی)سکالرز کالج کے طالبعلوں کا مستقبل محفوظ،سکالرز کالج آف سائنسز اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی مظفرآباد نے ٹیچر ایجوکیشن پروگرام کے لیے ایکریڈیٹیشن کے حصول کا اہم سنگ میل عبور کر لیا۔سکالرز کالج مظفرآباد ڈویژن کا پہلا ادارہ بن گیا جس نے ایکریڈیٹیشن حاصل کرنے کے حصول کے اہم مراحل طے کر لیے۔نیشنل ایکریڈیٹیشن کونسل فار ٹیچر ایجوکیشن، ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان اسلام آباد کی ٹیم نے گزشتہ دو دن سکالرز کالج کا دورہ کیا اور ادارہ کے جملہ لوازمات کی جانچ کی،نیشنل ایکریڈیٹیشن کونسل فار ٹیچر ایجوکیشن، ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کی طرف سے ڈاکٹر محمد خالد محمودسیکرٹری NACTE، ڈاکٹر فوزیہ اجمل ٹیم لیڈر NACTE اور پروفیسر ڈاکٹر محمد جاوید اقبال ممبر NACTE ادارہ کا فارمل وزٹ کیا۔دورہ کے آغاز میں ڈاکٹر خالد محمود سیکرٹری NACTE نے نیشنل ایکریڈیٹیشن کونسل فار ٹیچر ایجوکیشن نے NACTE پر پریزینٹیشن دی جس میں NACTE کے وژن، مشن، اور ابجکٹیوز، کام کرنے کے طریقہ ہائے کار اور کونسل کی ذمہ داریوں سے متعلق فیکلٹی اور طلباء کو آگاہ کیا گیا.انہوں نے کونسل کے تعلیمی ادارہ جات کو جانچنے کے معیار اور اس کی ضروریات پر تفصیلی گفتگو کی۔NACTE کی ریکوائرمنٹ کے مطابق ٹیم لیڈر پروفیسر ڈاکٹر فوزیہ نے مظفرآباد کے سب سے بڑے پرائیویٹ ادارہ سکالرز کالج آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کے جملہ فائل ورک کو چیک کیا۔104 فائلز پر مشتمل تمام ریکوائرمنٹ پر کونسل کو عبدالقادر خان(کوآرڈینیٹر بی-ایس پروگرام) نے بریفینگ دی.فائل ورک کی مکمل جانچ پڑتال کے بعد تمام ٹیم نے ادارہ کے انفراسٹرکچر، لیب، لائیبریری اور ادارہ میں دیگر دستیاب سہولیات، کیفے ٹیریا، پارکنگ، مربوط سی سی ٹی وی نظام، کلاس رومز اور ان سے متعلق آڈیو ویژول سہولیات، دفاتر، پانی کی دستیابی سمیت جملہ وسائل کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔دورے کے دوران پرنسپل ادارہ، فیکلٹی آف ایجوکیشن اور طلباء ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سے انٹرویوز بھی لیے جس میں متعدد سوالات پوچھے گئے اور ادارے اور تعلیم کے معیار سے متعلق معلومات اکٹھی کی گئی۔دورے کے دوران فیکلٹی آف ایجوکیشن کی جملہ ٹیم طیبہ کنول، مشاہد عباسی، انعام الحق اور کوثر یونس سمیت جملہ فیکلٹی ممبران موجود رہے جنہوں نے شعبہ کی جملہ کارکردگی سے متعلق کونسل کو آگاہی فراہم کی۔ادارے کے کوالٹی انہانسمٹ سیل QEC کے کنوینئر باسط علی راجہ نے ادارے میں معیار تعلیم اور انفراسٹرکچر سمیت جملہ امور کی بہتری کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر کونسل کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔دو روزہ دورے کے اختتام پر کونسل کے سیکرٹری ڈاکٹر خالد محمود نے کونسل سے متعلق جملہ امور کی بہتری اور مستقبل کے لائحہ عمل سے متعلق ایڈمنسٹریشن اور فیکلٹی کے ساتھ تفصیلی گفتگو کی۔ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی ادارہ جو کونسل سے الحاق شدہ نہیں ہے وہ کسی بھی صورت ٹیچنگ ایجوکیشن پروگرامز (بی ایڈ، بی ایس ایجوکیشن، ایم ایڈ) چلانے کا اہل نہیں ہے اور نہ ہی ان کی عطا کردہ سند کو ہائر ایجوکیشن کمیشن کی تصدیق ملنا ممکن ہے۔ لہذا والدین کے ساتھ ساتھ ٹیچر بننے کے خواہشمند طلباء کو اس بات کا علم ہونا چاہیے۔ ایسے کسی بھی ادارے میں داخلہ مت لیں جو نیشنل ایکریڈیٹیشن کونسل فار ٹیچر ایجوکیشن سے الحاق شدہ نہ ہو۔اس موقع پر چیئرمین سکالرز فاونڈیشن، مینیجنگ ڈائریکٹر ادارہ سید افتخار کاظمی نے دورہ پر آئی ٹیم کو ادارے کے مستقبل کے لائحہ عمل سے متعلق بھی آگاہ کیا،انہوں نے کہا کہ پرنسپل سکالرز کالج محترمہ سمیعہ صدیق، ڈائریکٹر بی ایس پروگرامز راجہ عبدالقادر، وائس پرنسپل سید نوید سمیت سکالرز کی جملہ ٹیم بشمول سپورٹنگ سٹاف مبارکباد کے مستحق ہیں جن کی دن رات محنت کی بدولت کالج آج ایک انتہائی اہم سنگ میل عبور کر چکا ہے۔ ٹیم NACTE کا اظہارِ اطمینان سکالرز کالج آف سائنسز اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی مظفرآباد کے لیے ایک شاندار کامیابی ہے جسے مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا۔