لوگ شہداء زلزلہ کی یاد میں پروگرام تو کرتے ہیں مگر عبرت حاصل نہیں کرتے‘حضرت مولانا پیر عبدالحنان صدیقی
ارجہ(طاہر رشید سے)خطیب پاکستان حضرت مولانا پیر عبدالحنان صدیقی نے چلندراٹ میں منعقدہ عظیم الشان سیرت النَبیِﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت انسان مکمل خسارے میں ہے سوائے ان لوگوں کے جنھوں نے اللّٰہ کے احکامات کی پاسداری کی۔عوام الناس سے اللّٰہ کا واسطہ دیکر فریاد کرتا ہوں اپنی زندگیوں کا رخ بدلیں۔لوگ شہداء زلزلہ کی یاد میں پروگرام تو کرتے ہیں لیکن آج کتنے لوگ ہیں جو اس سے عبرت حاصل کر کے اپنی آخرت بنا رہے ہیں۔اللّٰہ کی قسم کھا کر کہتا ہوں میں نے آج بھی خواب میں زمین کو ہلتے ہوئے دیکھا ہے۔لوگو اللّٰہ ناراض ہے۔اپنے اللّٰہ کو منا لو اور اسے راضی کر لو توبہ استغفار سے۔میں عورتوں سے کہتا ہوں اپنے شوہروں کی تابعداری کیساتھ اللّٰہ کے بتائے ہوئے راستے پر کا انتخاب کریں تو اللّٰہ انھیں سیدھا جنت میں لے جائیں گے۔اس روئے ارضی پر انسانی ہدایت کے لیے اللّٰہ تعالیٰ کے بعد حضرت محمدﷺ ہی وہ کامل ترین ہستی ہیں جن کی زندگی اپنے اندر عالم انسانیت کی مکمل رہنمائی کا پورا سامان رکھتی ہے۔رہبر انسانیت سیدنا محمد رسول اللّٰہﷺ کی شخصیت قیامت تک آنے والے تمام انسانوں کے لیے بہترین نمونہ ہے۔اللّٰہ ربلعزت نے جہاں آپﷺ کو تمام دنیا سے افضل اور اعلیٰ مقام و مرتبہ عطا فرمایا ہے وہاں آپ کو بہت سی ایسی خوبیاں اور خصوصیات بھی عطا فرمائی ہیں۔جو تمام انبیاء اور کل کائنات سے آپ کو ممتاز کرتی ہیں۔ نبی اکرمﷺ کی حیات مبارکہ قیامت تک انسانوں کے لیے پیشوائی و رہنمائی کا نمونہ ہے۔حضورﷺ کائنات کی سب سے عظیم نعمت ہے جو خالق کائنات نے اپنی مخلوق کو عطاء فرمائی۔آپﷺ پوری انسانیت کے لیے پیغمبر رشد و ہدایت،عظمت و رفعت معبوث فرمائے گئے۔سیرت النبیﷺ کی عظیم الشان تقریب میں علماء کی بڑی تعداد کے ساتھ ساتھ نعت خوان مصطفیٰ، سیاسی زعما،حفاظ کرام،اساتذہ،طلبہ،وکلاء،معززین علاقہ سمیت خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔عظیم الشان کانفرنس کی صدارت مرکزی رہنماء جمعیت علماء اسلام آزاد کشمیر حضرت مولانا حافظ اسحاق نے کی۔عظیم الشان سیرت النبی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیر عبدالحنان نے مزید کہا کہ حکومتیں بدلنے سے کچھ نہیں ہو گا خود کو بدلو۔اس وقت ملک کے اندر جو حالات ہیں اس کی بڑی وجہ ہمارا دین سے دوری اختیار کرنا ہے۔ہم اللّٰہ سے وہ مانگتے ہیں جس کا اللّٰہ نے وعدہ کر رکھا ہے ہم وہ مانگتے ہی نہیں جس کا وعدہ اللّٰہ نے نہیں کیا۔جہاں پر ظلم،رشوت،حرام خوری،سود،زنا عام ہو جائے وہاں کبھی زلزلے،کبھی سیلاب تو کبھی مہنگائی کا عزاب ہی آئے گا۔آج ہم اپنے اصل مقصد سے ہٹ چکے ہیں۔قرآن اور سنت پر عمل پیرا ہو جاؤ اور اپنے رب سے معافی کے طلبگار بنو دنیا اور آخرت سنور جائے گی۔اس دوران انسانوں کے جم غفیر نے ہمہ تن گوش ہو کر حضرت پیر صاحب سے سیرت النبیﷺ پر مفصل گفتگو سنی۔اس موقع پر سیرت النبیﷺ کانفرنس سے صدر تقریب نائب امیر جمعیت علماء اسلام حضرت مولانا اسحاق،حضرت مولانا ابوبکر صدیقی،قاری جاوید لطیف،مولانا وسیم الحق،ممبر ضلع کونسل راجہ سہراب ایڈوکیٹ،سابق امیدوار ممبر ضلع کونسل راجہ عامر نواز،بلبل کشمیر حافظ اسرار،مولانا عطاءالرحمن ھاشمی و دیگر نے بھی خطاب کیا اور مہمان گرامی سمیت تمام شرکا کانفرنس کا شکریہ ادا کیا۔