سردار عتیق احمد خان حلقہ دھیرکوٹ کی تعمیر و ترقی کی رکاوٹ ہیں ‘راجہ عابد علی عابد

دھیرکوٹ(نمائندہ خصوصی)پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء راجہ عابد علی عابد نے کہا ہے کہ سردار عتیق احمد خان حلقہ دھیرکوٹ کی تعمیر و ترقی کی رکاوٹ ہیں عوام ان سے جان چھڑائیں۔ انھوں نے پختہ سڑکوں کی تقسیم میں نا انصافی کی ہے۔اس نا انصافی کا بدلہ عوام الیکشن میں لیں گے۔ سردار عتیق خان نے مخصوص علاقوں میں مخصوص لوگوں کو نوازا ہے۔ عام لوگ کدھر جائیں جو گزشتہ ستر سالوں سے غازی آباد کے تسلط کی وجہ سے پسماندہ زندگی گزار رہے ہیں۔ آدھا کلو میٹر سڑک ملنے پر بغلیں بجانے والوں کو شرم سے ڈوب مرنا چاہیے۔ وہ گزشتہ روز دھیرکوٹ اپنی رہائش گاہ پر عوامی وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔ راجہ عابد علی عابد نے کہا کہ کہ مسلم کانفرنس سیاسی جماعت نہیں بلکہ ظلم اور نا انصافی کا دوسرا نام ہے۔ سردار عتیق اپنی ایک نشست بچانے کے لیے ہر بر سر اقتدار جماعت کے دروازے پر پہنچ جاتے ہیں۔ تحریک انصاف کی ڈوبتی کشتی کو دیکھ کر اب آہستہ آہستہ میان نواز شریف کے قصیدے پڑھنا شروع ہو چکے ہیں۔ مسلم لیگ آزاد کشمیر کی اعلی قیادت کے کچھ لوگ بھی انھیں آکسیجن مہیا کر رہے ہیں اور آپنی دوستی پال رہے ہیں لیکن مسلم لیگ ن کے کارکنوں کو ایسا ہر گز قبول نہیں ہو گا۔ راجہ عابد علی عابد نے کہا کہ مسلم لیگی کارکنوں نے دن رات ایک کر کے جماعت کو پروان چڑھایا ہے۔ لوگ جوق در جوق جماعت میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔ مرکزی تنظیم سازی کی تکمیل کے بعد آزاد کشمیر بھر سمیت دھیرکوٹ میں لوگ بڑی تعداد میں جماعت میں شامل ہون گے۔بلدیاتی انتخابات بھی متوقع ہیں اگر بلدیاتی انتخابات ہوئے تو دھیرکوٹ حلقہ کو مسلم کانفرنس کا سیاسی قبرستان بنائیں گے۔ انھوں نے عوام کی نشاندہی پر کہا کہ عتیق خان نے پختہ سڑکوں کی تقسیم میں جو نا انصافی کی ہے اس کا جواب آئندہ انتخابات میں عوام ووٹ کی طاقت سے دیں گے۔ کاہنڈی بلٹ کے وہ علاقے جو بہت پسماندہ ہیں ان کو نظر انداز کر کے مخصوص لوگوں کو نوازا گیا۔ عوام کی سہولت کے بجائے اپنے مخصوص لوگوں کو سڑکیں دی گئی ہیں۔ بلدیاتی انتخابات ہوئے تو اپوزیشن کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی کوشش کریں گے۔ مسلم لیگی کارکن اپنی تیاری مکمل رکھیں جلد مسلم لیگ ن کا اجلاس بلا کر بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے مشاور کریں گے۔اور جامع حکمت عملی سے الیکشن میں جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ بہت جلد آزاد کشمیر میں تبدیلی متوقع ہے۔ عوام مسلم کانفرنس سے جان چھڑا کر مسلم لیگ کی حمایت کریں تاکہ پسماندہ علاقوں کی تعمیر و تقی کاعمل شروع ہو سکے۔