دھیرکوٹ (نمائندہ خصوصی)دھیرکوٹ آل پارٹیز اجلاس کے نتیجہ میں بننے والی کو آرڈینیس کمیٹی کے نمائندہ وفد نے مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء راجہ افتخار ایوب خان کی قیادت میں وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس سے ملاقات کی۔ وفد میں مسلم کانفرنس کے صدر سردار انقلاب عباسی،پیپلز پارٹی کے رہنماء راجہ یونس انقلابی،جے کے پی پی کے رہنماء ابرار احمد یاد، جماعت اسلامی کے رہنماء جاوید عارف عباسی، جے یو ائی کے مولانا اجمل، راجہ عابد علی عابد، راجہ نواز خان، تحریک انصاف کے راجہ امتیاز,تحریک لبیک کے مولانا عثمان عباسی، ایڈووکیٹ، راجہ مظفر حیات، سمیت دیگر شامل تھے۔ اے پی سی وفد کی وزیر اعظم ازاد کشمیر سے ملاقات پی ٹی آئی کے رہنماء راجہ شجاعت نے ترتیب دی تھی اس موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیر نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ دھیرکوٹ میں ایک بڑے ہسپتال کے قیام کے لیے منظوری کا اعلان کیا۔دوسرے حلقے کے قیام کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا۔ رنگلہ ڈگری کالج کی بحالی اور رنگلہ روڈ کو اے ڈی پی میں شامل کرنے کا اعلان کیا اور گھوڑی کیر چھپڑیاں روڈ کو اگلی اے ڈی پی میں شامل کرنے کی یقیں دہانی کروائی۔ قبل ازیں راجہ افتخار ایوب خان نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور ان کو دھیرکوٹ کے مسائل پر بریفنگ دی اور بشارت شہید روڈ کی منظوری ،ٹال کیاٹ روڈ کی منظوری اور دھیرکوٹ میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے حوالے سے شکریہ اداء کیا۔ ۔ بعد ازاں راجہ عابد علی عابد نے اے پی سی کے مطالبات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے وفد کو یقین دلایا کہ دھیرکوٹ میرا علاقہ ہے اور اس کی تعمیر و ترقی کے لیے اپنا پورا کردار ادا کروں گا۔ دھیرکوٹ میں دوسرا حلقہ وقت کی ضرورت ہے آزاد کشمیر میں چند دیگر جگہوں پر حلقوں کی ڈیمانڈ ہے۔ ایک کمیٹی قائم کر کے اس بارے میں جلد فیصلہ کیا جائے گا تا کہ لوگوں کے مسائل حل ہو سکیں۔ انھوں نے کہا کہ دھیرکوٹ میں کورٹ کے تعاون سے ایک بڑے ہسپتال کے قیام کی منظوری دیتا ہوں سب لوگ اتفاق رائے سے جگہ کا تعین کر کے بتائیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ رنگلہ کالج کو فوری ڈگری کالج کی منظوری دے دی ہے رنگلہ روڈ اے ڈی پی میں شامل کر دی ہے اور چھپڑیاں گھوڑی کیر کو اگلی اے ڈی پی میں شامل کروں گا۔ وزیر اعظم نے وفد کا شکریہ اداء کیا اور یقین دلایا کہ وہ دھیرکوٹ کے مسائل کے حل کے لیے ہر وقت حاصر ہیں۔