دبئی (نمائندہ خصوصی)جموں کشمیر لبریشن فرنٹ گلف زون کے سابق صدر خالد کشمیری نے اپنے ایک اخباری بیان میں کہا کہ پاکستان کے زیرِ تسلط کشمیر میں عوام سراپا احتجاج ہیں اور حکمران اپنی نااہلی کو چھپانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں ۔ حکمرانوں کی طرف سے مذاکرات کے بجائے تحریک کو غلط رنگ دینے کی کوشش قابل مذمت ہے ۔ وزراء کی اتنی بڑی فوج میں سے ایک بھی فرد اس قابل نہیں کہ مسلہ کو حل کی طرف لے جائے ۔ حق تو یہ بنتا تھا آزاد کشمیر اسمبلی کا فورا اجلاس بلایا جاتا اور مسلے کو سنجیدگی سے لیا جاتا مگر ایسا نہیں ہوا کیوں کہ یہاں فیصلے اسمبلی کے فلور پر لینے کے بجائے کہیں اور سے آرڈر آتے ہیں اور آرڈر کی تکمیل کے لئیے اخلاقیات ، انسانیت کی دھجیاں بکھیر دی جاتی ہیں ۔ چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کیا جاتا ہے ۔ آج وقت اور حالات نے ثابت کر دیا ہے کہ یہ لوگ عوام کی داد رسی کے لئیے نہیں بلکہ لوٹ مار کے لئیے ہم پر مسلط کئیے جاتے ہیں ۔ مہنگائی بےروزگاری سے عوام اس قدر عاجز ہیں جو گھر سے نکل کر سڑکوں پر آنے کیلئے مجبور ہوئے ، غریب عوام پر رحم کیا جائے جو اب مزید وزراء ، اشرافیہ کی عیاشیوں کے اخراجات اٹھانے کے قابل نہیں ہیں