راجہ منصور کوعہدے سے ہٹانا قابل مذمت ہے‘راجہ شعیب

رنگلہ(نمائندہ خصوصی)راجہ منصور خان کی پارٹی کے لیے خدمات کسی ڈھکی چھپی نہیں۔انہوں نے آزاد کشمیر میں ہمیشہ تحریک انصاف کا علم تھامے رکھا بطور جنرل سیکرٹری جماعت کو مضبوط کیا۔ وزیر اعظم کیطرف سے بغیر مشاورت کے عہدے سے ہٹانا قابل مذمت ہے۔تنویرالیاس برطرفی کا فیصلہ واپس لیں ورنہ کھاوڑہ کا باغیرت کارکن شدید احتجاج کریں گے۔ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف کے نوجوان رہنما راجہ شعیب عارف نے اپنے ایک اخباری بیان میں کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ راجہ منصور پارٹی کا بانی رہنما اور عمران خان کے سچے سپاہی ہیں۔جنہوں نے ہر مشکل وقت میں پارٹی کا ساتھ دیا۔ان کو ہٹا کر ایک غیر سیاسی اور بیورکریٹ کو لانا نظریاتی کارکنوں کی توہین ہے۔کھاوڑہ کے کارکنان کےساتھ زیادتی ہر گز برداشت نہیں کریں گے۔وزیراعظم آزاد کشمیر اپنے اس فیصلےپر نظر ثانی کریں ورنہ آزاد کشمیر بھر میں نظریاتی کارکنان شدیداحتجاج کریں گے۔ایک سیاسی رہنما کو بغیر مشاورت ہٹانا ناقابل قبول ہے۔راجہ منصور ایک پڑھا لکھااور نوجوان رہنما ہیں جو کھاوڑہ کی تعمیرو ترقی کے لیے ایک ویژن رکھتے ہیں۔