وزیراعظم آزاد کشمیر غربی باغ میں پسماندگی اور اسے ہمیشہ نظرانداز کیے جانے کے حوالے خصوصی کمیشن تشکیل دیں‘مہتاب اشرف

دھیرکوٹ (نمائندہ خصوصی )وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق حلقہ غربی باغ میں پسماندگی اور اسے ہمیشہ نظرانداز کیے جانے کے حوالے خصوصی کمیشن تشکیل دیں اور مسائل کے حل کے لیے حکومتی سطح پر اقدامات کریں۔ نصف صدی قبل اپنی مدد آپ کے تحت تعمیر کی جانے والی ڈھک شکرپڑیاں ہوڑوٹ روڈ تاحال پختہ نہ ہو سکی۔ تیس ہزار سے زائد آبادی کو مستفید کرنے والی سڑک کوایک منظم سازش کے تحت تعمیر نہیں ہونے دیا گیا۔ عوامی منصوبے کو کئی مرتبہ سیاست اور سازش کا شکار کیاگیا۔ عوام علاقہ چار عشروں سے سڑک کی پختگی کا مطالبہ کرتے رہےاور دو نسلیں اس سڑک کی پختگی کا انتظار کرتے کرتے چلی گئیں ۔ اہم اور بڑے مسائل کے حوالے سے بڑے پیمانے پر مشاورت جاری ہے۔ چارٹرڈ آف ڈیمانڈ تیار کیا جا رہا ہے۔ اس علاقے کے ہزاروں نوجوان ، بزرگ ،بچے ، خواتیں، طلباو طالبات اپنے حقوق کے لیے بھرپور اور منظم جدوجہد کریں گے اور اپنے حقوق کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ان مسائل کے حل کے کیے جامع حکمت عملی مرتب کی جا رہی ہے اور اس حوالے سے بھرپور تحریک چلائی جائے گی ان خیالات کا اظہار عوامی ایکشن فورم کے کنوئنیر اور ممتاز سماجی رہنما راجہ مہتاب اشرف خان نے مختلف وفود اور متعلقہ اداروں کے ذمہ داران سے گفتگو کے دوران کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ 1978سے ہمارے آباؤاجدادنے اپنی مدد آپ کے تحت جہالہ براستہ پدرمستو ڈھک شکرپڑیاں ہوڑوٹ کی تعمیر عمل میں لائی تھی،لیکن ایک مخصوص طبقے نے تیس ہزار سے زائد آبادی کو مستفید کرنے والی بوائز پدرمستوہائی سکول تا بوائز مڈل سکول ہوڑوٹ سڑک جو تقریبا آڑھائی کلومیٹر ہے کی تعمیر نہ ہونے دی جس کے باعث 45 سال گزر جانے کے باوجود عوام انتظار کر رہے ہیں اور اس انتظار میں کئی بزرگ اور نوجوان دنیا سے چلے گئے۔ اس سڑک کے تعمیر نہ ہونے کے باعث سکولوں اور کالجز میں جانے والے طلباء و طالبات اپنی تعلیم چھوڑنے پر مجبور ہیں جبکہ مریضوں کو آج بھی ہسپتال پہنچانے کے لیے چارپائیوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمران اور سیاست دان سفارش رشوت اور ذاتی فائدے کے علاوہ کای بھی جگہ کام نہیں کرتے اور وسائل کا بےجا استعمال کرتے ہیں جس کی وجہ سے کرپشن ، بدعنوانی اور لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم ہے۔ عوامی ایکشن فورم کے کنوئنیر راجہ مہتاب اشرف نے مزید کہا کہ گورنمنٹ ہائی سکول پدرمستو براستہ ڈھک شکرپڑیاں ہوڑوٹ رنگلہ روڈ کی منظوری کے لیے فوری طور پر اقدامات کئی جائیں۔ اگر اس میں غفلت برتی گئی تو ہر فورم پر احتجاج کیا جائے گا اور ہر دروازہ کھٹکھٹایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ابھی پریس میڈیا اور سوشل میڈیا کے ذریعے مطالبا کیا جا رہا ہےلیکن اگر اس پہ توجہ نہ ہوئی محلہ میں کچہری اور بازار میں احتجاج کیا جائے گااور ہر سرکاری دفتر کے سامنے احتجاج کیے جائیں گے۔ متعلقہ اداروں کے علاوہ متعلقہ وزراء کے دفاتر کے سامنے بھی احتجاج کیا جائےگا جس کے کیے بھرپور تیاری کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونین ملوٹ ، یونین کونسل چوڑ، یونین کونل رنگلہ، کے جو بنیادی مسائل ہیں ان کے حل کے لیے مشاورت جاری ہے اور اس حوالے سے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔ انہوں عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے حقوق کے حصول کے کیے بھرپور تیاری کریں تاکہ حقوق کے حصول تک جدوجہد جاری رکھی جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ابھی اپنے مسائل حکومت وقت اور متعلقہ اداروں کے سامنے رکھے جا رہے ہیں لیکن اگر اس پہ توجہ نہ ہوئی تو پھر توجہ حاصل کرنے کے کیے وہ سارے طریقے اختیار کیے جائیں گے جو ہمارا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق سے مطالبہ ہے کہ اس علاقے کی پسماندگی اور اس ہمیشہ نظرانداز کیے جانے کے حوالے سے نوٹس لیتے ہوئے خصوصی کمیشن قائم کریں اور ان مسائل کے حل کے لیے خصوصی اقدامات کریں۔