مظفرآباد: پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی آزادکشمیرکا سانحہ دمشی ابھیال کے متاثرین کی مدد کے لئے نقد امداد کا اعلان۔ دمشی ابیال میں لینڈ سلائیڈنگ کے المناک واقعے کے بعد، پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی نے ایک بار پھر متاثرہ افراد کی فوری مدد کے لیے اپنی غیر متزلزل امداد کا مظاہرہ کیا۔ چیئرمین ہلال احمر پاکستان نیشنل ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد سردار شاہد احمد لغاری کی خصوصی ہدایات پرآج سیکرٹری جنرل ہلال احمر پاکستان محمد عبید اللہ خان نے متاثرین اور ان کے اہل خانہ کو امداد فراہم کرنے کے لیے چیئرمین عجاز رضا کو /760,000 مالیت کا چیک پیش کیا۔ پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کی جانب سے متاثرہ کمیونٹی کے 19گھرانوں میں فی خاندان 40,000 روپے کی رقم تقسیم کی جائے گی۔ ان فنڈز کا مقصد دمشی ابیہال میں تباہ کن واقعے کے بعد متاثرین کی بحالی اور ان کی زندگیوں اور گھروں کی تعمیر نو میں مدد کرنا ہے۔قبل ازیں یکم اگست کو سانحے کی وجہ سے خاندانوں کو درپیش مسائل کو دور کرنے کے لئے چیئرمین سردار شاہد احمد لغاری نے متاثرہ کمیونٹی تک امداد پہنچانے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی تھی۔چیئرمین سردار شاہد احمد لغاری کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہلال احمرپاکستان بلا تفریق انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور متاثرین لینڈ سلائیڈنگ کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ چیئرمین سردار شاہد احمد لغاری نے لینڈ سلائیڈنگ کے سانحے میں ہونے والے نقصانات پر گہرے دکھ کا اظہار بھی کیا اور اس امر کی یقین دہانی بھی کروائی کے نیشنل ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد آزادکشمیر برانچ کے علاوہ دیگر برانچوں کی بھی بھرپور مدد جاری رکھے گا تاکہ آزادکشمیر کے علاوہ پورے پاکستان میں کسی بھی آفت کے نتیجے میں متاثرین کو فوری اور بروقت امداد فراہم کی جاسکے۔اس موقع پر چیئرمین ہلال احمر پاکستان آزادکشمیر اعجاز رضا کا کہنا تھا کہ لینڈ سلائیڈنگ سانحے کے بعد متاثرین کی فوری امداد کے لئے نیشنل ہیڈ کوارٹرز اور چیئرمین سردار شاہد احمد لغاری کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے متاثرین کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے امدادی سامان کی فراہمی کے لئے فوری اقدامات اٹھائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں متاثرین لینڈ سلائیڈنگ کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہلال احمر ان کی مشکلات کو کم کرنے کے لئے اپنے تمام وسائل کو بروئے کار لائے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہلال احمر کی جانب سے فی خاندان 40ہزار روپے کی امداد متاثرین کے گھروں کی تعمیرکے سلسلے میں دیا جائے گا۔ یاد رہے کہ یکم اگست کو مظفرآباد کی یونین کونسل پترینڈ کے علاقے دومیشی ابھیال میں اچانک لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے19مکانات تباہ ہو گئے تھے جس میں 12مکانات مکمل طور پر تباہ جبکہ 07گھروں کوجزوی نقصان پہنچا تھا۔ تاہم لینڈ سلائیڈینگ کے نتیجے میں کسی بھی قسم کا جانی نقصان نہیں ہواتھا۔ لینڈ سلائیڈینگ کے نتیجے میں 100سے زائد افراد بے گھر ہوگئے تھے اور پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی فوری طور پر متاثرین لینڈ سلائیڈنگ کی مدد کے لئے اپنے وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے متاثرین کی مدد کے لئے پہنچے۔قبل ازیں سانحے کے نتیجے میں پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی نے چیئرمین ہلال احمر پاکستان سردار شاہد احمد لغاری کی خصوصی ہدایت پر متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے فوری طور پر امدادی سامان روانہ کیااور متاثرہ خاندانوں میں ضروری نان فوڈ آئٹمز تقسیم کیے جن میں خیمے، حفظان صحت کی کٹس، شیلٹر ٹول کٹس، کچن سیٹ، بالٹیاں، مچھر دانی، واٹر فلٹر کولر، جیری کین، کمبل اور دیگر امدادی اشیاء شامل ہیں۔پاکستان ہلال احمر سوسائٹی انسانی بنیادوں پر امداد، قدرتی آفات میں ریلیف اور بحرانی حالات کا سامنا کرنے والوں کی مدد کے اپنے مشن کے لیے اپنے عزم میں ثابت قدم ہے۔ تنظیم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے انتھک محنت کرتی ہے کہ مصیبت کے وقت کوئی بھی پیچھے نہ رہے۔