پاکستان کی آزاد فضاء میں سانس لینا نعمت خداوندی سے کم نہیں، دانیال شہاب مدنی

مظفرآباد(نمائندہ خصوصی)مرکزی جمعیت اہل حدیث آزاد جموںو کشمیر کے ناظم اعلی دانیال شہاب مدنی نے کہاہے کہ آزادی کی قدر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ دو قومی نظریہ نے پاکستان کی مملکت کے قیام کے لیے سمت کا تعین کیا ہے ۔ آزادی کا حصول قربانیوں کی بدولت ممکن ہوا۔ پاکستان کی آزاد فضاء میں سانس لینا نعمت خداوندی سے کم نہیں ۔ یوم پاکستان پر جس قدر شکرانہ کے نوافل ادا کیے جائیں

وہ کم ہوں گے۔ ہندوستان نے کشمیریوں کی آزادی کو ان سے چھیننے کی ناپاک جسارت کر رکھی ہے اور کشمیریوں کو آزادکرنے تک ہندوستان کو قیمت ادا کرتے رہنا پڑے گی ۔ پاکستان کے عوام پاکستانی ہونے پر فخر کریں،دنیا میں ہماری عزت صرف پاکستان کے وجود کی وجہ سے ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث آزاد جموںو کشمیر کے ناظم اعلی دانیال شہاب مدنی نے کہا کہ پاکستان میں سیاست تباہی کی جانب جا رہی ہے ۔ اس وقت پاکستان میں سیاسی جماعتوں کو اپنا قبلہ درست کرنے کی ضرورت ہے اور کوئی بھی سیاسی جماعت عوام کو کوئی ایسا ایجنڈا نہ دے جو ملک و ملت کو تباہی کی جانب لے کر جائے۔سرزمین پاکستان صرف اپنے سیاستدانوں اور سیاسی جماعتوں سے سنجیدگی کا مطالبہ کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان برصغیر کے مسلمانوں پر اللہ کا ایک انعام تھا اور دو قومی نظریہ نے مسلمانوں کو ایک علیحدہ اسلامی و آزاد مملکت کے قیام کے لیے سمت کا تعین کیا تھا۔ آزاد ی کی قدر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ،جو قومیں اپنی آزادی کی قدر نہیں کرتیں تو ان قوموںکا مستقبل غلامی میں گزرتا ہے ۔ دانیال شہاب مدنی نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں نے ہمیشہ آزادی کے حصول کے لیے قربانیاں پیش کی ہیں اور ہندوستان کشمیریوں کی آزادی کو صلب کرنے کے لیے جو ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے اس پر نا صرف ہمیںتشویش ہے بلکہ ہم ہندوستانی جارحیت کی ہر فورم پر مذمت بھی کرتے ہیں۔