وزیر قانون میاں عبد الوحید نے نگدر کارکہ میں ایس کام سروس کا افتتاح کر دیا

نیلم(نمائندہ خصوصی) وزیر قانون و انسانی حقوق آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر میاں عبد الوحید ایڈووکیٹ نے ایس سی او سیکٹر کمانڈر کرنل عبد الرشید خان کے ہمراہ نگدر کارکہ میں ایس کام سروس کا افتتاح کر دیا۔ دشوار گزار علاقے نگدر کارکہ میں ایس کام سروس کی دستیابی سے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا ہو گیا ہے۔ ایس سی او نے نگدر کارکہ میں 8گھنٹے پر مشتمل بیک اپ کیساتھ سولر سسٹم ٹاور کے لیے فراہم کردیا۔ جلد فورجی سروس فراہمی ممکن بنائیں گے۔اس موقع پر تقریب کے مہمان خصوصی وزیر قانون، انصاف، پارلیمانی امور و انسانی حقوق میاں عبد الوحید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایس سی او پاک فوج کے تعاون سے آزاد کشمیر بالخصوص نیلم کے دشوار گزار علاقے جدید دورکے مطابق باقی دنیا سے رابطہ قائم کرنے کے قابل ہو گئے ہیں۔ دور افتادہ علاقے کارکہ میں ایس کام سروس کی دستیابی عوام علاقہ کی اجتماعی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ نیلم کے دور دراز علاقوں میں ایس کام سروس فراہمی سمیت کارکہ کے علاقہ کو 4G سروس کی فراہمی کیلئے ایس سی او کے ساتھ ہر ممکن تعاون فراہم کرتے رہیں گے۔ نیلم کے سیاحتی مقامات پر ایس کام سروس کی فراہمی سے سیاحوں کو بنیادی سہولیات میسر آئیں گی۔ باہمی اتفاق و اتحاد اور سیاسی وابستگیوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے عوام کی فلاح و بہبود اور علاقے کی تعمیر وترقی کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔ وزیر قانون نے مڈل سکول کارکہ کی اپگریڈیشن سمیت ادارے کو درکار سہولیات کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر قانون نے ایس سی او کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مڈل سکول کارکہ اور بچوں کی حوصلہ افزائی کیلئے پچاس ہزار روپے کا اعلان کیا۔ انہوں نے منتخب بلدیاتی نمائندگان کو جلد اختیارات اور فنڈز کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔ صدر تقریب ایس سی او سیکٹر کمانڈر کرنل عبد الرشید خان نے اپنی اور ایس سی او کی پوری ٹیم کی طرف سے عوام علاقہ کے والہانہ استقبال کا شکریہ ادا لرتے ہوئیکہا کہ محدود وسائل میں رہتے ہوئے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے دور دراز دشوار علاقوں میں موبائل کمیونیکیشن کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ ایس سی او کا نصب العین دشوار گزار علاقوں میں رہنے والے عوام کی خدمت ہے۔ایس سی او نے نیلم میں اب تک 30 موبائل ٹاور انسٹال کرلئے ہیں سروس۔ کارکہ اور دیگر علاقوں میں لگائے گئے 2G ٹاور کے ساتھ سولر سسٹم انسٹال کر رہے ہیں تا کہ بلا تعطل سروس کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ عوام علاقہ نے ٹاور کی تنصیب میں بھرپور تعاون فراہم کیا۔ انہوں نے 4G سروس کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔ ایس سی او سیکٹر کمانڈر نے بلا تعطل سروس کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے سولر سسٹم کی تنصیب کو یقینی بنا رہے ہیں۔ جن علاقوں میں سولر سسٹم کامیاب نہیں ان ٹاورز پر بیٹری بیک اپ دے رہے ہیں۔ افتتاحی تقریب میں وائس چیئرمین یونین کونسل نگدر نیلم ساجد امان، لوکل کونسلر محمد اقبال اور صدر معلم گورنمنٹ مڈل سکول کارکہ محمد شفیق نے ایس سی او سیکٹر کمانڈر عبد الرشید خان، وزیر قانون و انصاف کا عوام علاقہ کی جانب سے دور افتادہ علاقہ کارکہ میں ایس کام سروس کی فراہمی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے عوام کے دیرینہ مطالبہ پورا کرنے پر انہیں مبارکباد دی اور وزیر قانون و انصاف، پارلیمانی امور و انسانی حقوق سے کارکہ مڈل سکول کو ہائی سکول کا درجہ اور گرلز ہائی سکول دینے کا مطالبہ کیا۔ افتتاحی تقریب میں ڈی جی ایس سی او جنرل عمر محمد شاہ، آفیسر کمانڈنگ میجر فہیم، پراجیکٹ انجینئر عامر کیانی، منتخب لوکل کونسلرسمیع اللہ مغل، صحافی، صدر معلم، اساتذہ مڈل سکول کارکہ اور عوام علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔