مظفرآباد (نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ ن کے نوجوان رہنما و سابق امیدوار ضلع کونسل راجہ زین محمود نے کہا ہے کہ دارالحکومت کے اندر سب سے بڑے قبضہ مافیا کے منہ سے میرٹ اور دیانتداری کی باتیں اچھی نہیں لگتیں، نہ قلعہ چھوڑا نہ قبرستان، آج بھی گندم کا کوٹہ کس حیثیت میں کھا رہے ہیں، ترجمان حکومت ماجد خان یہ بتائیں آزاد کشمیر کے اندر ہونے والی ہر عدم اعتماد میں ان کا ہاتھ کیوں ہوتا ہے۔ اپنے ایک بیان میں سابق ضلعی صدر ایم ایس ایف (این) اور امیدوار ضلع کونسل راجہ زین محمود نے کہا کہ راجہ فاروق حیدر خان پر تنقید کرنے والے آسمان پر تھوک رہے ہیں، ماجد خان پہلے اپنے اثاثہ جات، آمدن و اخراجات کی تفصیل دیں، سری نگر فتح کرنے کا بیان کشمیریوں کے جذبات و احساسات کی توہین اور تذلیل کرنے کی بھونڈی کوشش ہے، راجہ فاروق حیدر خان کشمیریوں کا فخر ہیں اور ان کی امیدوں کا مرکز ہیں، اس طرح کے بیانات ان کے قد کاٹھ کو متاثر نہیں کر سکتے لیکن اپنے داموں کو سب کے سامنے بے نقاب کر رہے ہیں۔