تحریک انصاف آزاد کشمیر کی مرکزی مجلس عاملہ میں توسیع

اسلام آباد(بیووروپورٹ)بانی چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی ہدایت پر صدر پی ٹی آئی آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے جہلم ویلی سے چوہدری محمد اسحاق طاہر ایڈوکیٹ، سید الطاف ہمدانی، چوہدری لطیف رضا، میجر رفیق اعوان، سید تصویر نقوی، پروفیسر راجہ محبوب کو پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کی مرکزی مجلس عامہ کا رکن منتخب کرلیا۔ مرکزی مجلس عاملہ (CEC) پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کا سب سے بااختیار فورم ہے۔ جس کا کام پالیسی سازی، آئین سازی اور فیصلہ سازی ہے۔ پی ٹی آئی آزادکشمیر کے نائب صدر وسابق امیدوار قانون ساز اسمبلی سید ذیشان حیدر نے جہلم ویلی سے منتخب ہونے والے تمام ممبران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مظفرآباد ڈویژن اور تینوں اضلاع کی تنظیم سازی مکمل ہو چکی ہے۔

صدر جماعت سردار عبدالقیوم نیازی نے منظوری دے دی ہے۔آج مظفرآباد ڈویژن، ضلع مظفرآباد، ضلع جہلم ویلی، ضلعی نیلم ویلی اور سٹی مظفرآباد کی تنظیموں کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ چئیرمین عمران خان کی ہدایت کی روشنی میں گزشتہ دو سالوں کے جبر و فسطائیت کے دور میں استحقامت کیساتھ پارٹی کیساتھ ڈٹ کر کھڑے رہنے والے افراد کو تنظیم سازی کے عمل میں ترجیع دی گئی ہے۔ تنظیم سازی کے عمل میں طویل مشاورت اور میرٹ کو ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے۔ اگلے مرحلہ میں جملہ حلقہ جات اور تحصیل ہا کی تنظیموں کا اعلان کیا جائے گا۔ ذیشان حیدر نے کہا کہ پی ٹی آئی آزادکشمیر کی تنظیم سازی مخالفین کیلئے سرپرائیز ہوگا۔ پی ٹی آئی آزادکشمیر کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بننے جارہی ہے۔ جلد یوتھ ونگ، خواتین ونگ اور دیگر شعبہ جات کی تنظیمات بھی مکمل کرلی جائیں گی۔ پی ٹی آئی کو گراس روٹ لیول پر منظم کرکے ناقابل تسخیر قوت بنائیں گے۔ ذیشان حیدر نے کہا کہ تمام منتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہ بانی چئیرمین عمران خان کے ویژن اور صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کے مشن کے مطابق جماعت کی کامیابی کیلئے انتھک محنت کریں گے۔