عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے سائفر کیس میں باعزت بری ہونے پر خواجہ فاروق کی قیادت میں مظفرآباد میں شاندار ریلی

مظفرآباد(نمائندہ خصوصی)بانی پی ٹی آئی عمران خان اورشاہ محمود قریشی کو اسلام آباد ہائی کورٹ کی طرف سے سائفر کیس میں بری کیے جانے کے فیصلے کے بعد قائد حزب اختلاف خواجہ فاروق احمد کی تحریک پر دارالحکومت مظفرآباد میں تحریک انصاف کے کارکنان کی شاندار ریلی، دربار سہیلی سرکارپر حاضری، عمران خان کی رہائی، درازی عمر اور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی گئی، ریلی کی قیادت تحریک انصاف سٹی صدر یاسر مغل کر رہے تھے جب کہ ریلی میں آئی ایس ایف کے سینئر رہنما جبار خان مغل، سٹی کونسلرز ذوالفقار بیگ، سعید شاہ، حامد کشمیری، طاہر مغل، حیدر عباسی، ممبر ضلع کونسل احسن شوکت، تنویر لون، سعید اعوان، رمیض مغل، ساجد قریشی، خرم بھٹی، ملک مدثر، انور چک، نمبردار تسلیم، نفیس عباسی، ابرا رشاہ، لیاقت قریشی، عاطف قریشی، افتخار احمد، توصیف میر، طارق محمود، بلال ریاض، سنی میر، عمران پنڈت، تسلیم خرم سمیت راہنماؤں اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی، شرکاء ریلی سے برطانیہ سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ عمران خان کی سائفر کیس میں بریت کا فیصلہ حق و انصاف کی فتح ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے سے ثابت ہوا ہے کہ عمران خان کو اتحادی حکومت سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے، قوم کے حقیقی رہنما کے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات قائم کیے گئے ہیں جو ایک ایک کرکے اعلیٰ عدلیہ سے فارغ ہو رہے ہیں، ان شاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب قائد پاکستان تمام جھوٹے مقدمات سے بری ہوں گے، اور بہت جلد پاکستانی عوام کے درمیان ہوں گے، عمران خان جب جیل سے باہر آئیں گے تو ان کا تاریخی استقبال ہو گااور فارم 47 والوں کو جعلی مینڈیٹ کے باوجود منہ چھپانا پڑے گا، فارم 47کے ذریعے جعلی مینڈیٹ حاصل کرنے والے عمران خان سے خوفزدہ ہیں، انہوں نے کہا کہ آج ملک تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی عمران خان کی رہائی سے مشروط ہے کیوں کہ عمران خان نے بحیثیت وزیراعظم انقلابی اقدامات اٹھائے، آج ہر کشمیری کی دلی خواہش ہے کہ عمران خان جلد از جلد رہا ہوں تاکہ موجودہ نازک حالات میں تحریک آزادی کشمیر کو نئی جہت مل سکے، ساری کشمیری قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی، ریلی کے اختتام پر مٹھائیاں تقسیم کی گئیں اور فلک شگاف نعرے بازی کی گئی، کارکنان نے مزار سہیلی سرکار پر چادریں بھی چڑھائیں۔