ہوٹل ریسٹوران مالکان کا قانون سازی کی آڑ میں حکومت کے استحصالی رویوں کے خلاف مشترکہ جدوجہد پر اتفاق
مظفرآباد (نمائندہ خصوصی) 2021 کا ٹوارزم ایکٹ مسترد کرتے ہیں۔ قانون سازی کی آڑ میں حکومت کے استحصالی رویوں کے خلاف مشترکہ جدوجہد پر اتفاق۔ ہوٹل اور ریستوران مالکان کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی تشکیل۔ راجہ الیاس کا بطور چیئرمین ایکشن کمیٹی تقرر کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق دارالحکومت مظفرآباد کے ہوٹل اور ریسٹورنٹ مالکان کا ہنگامی اجلاس مقامی ہوٹل پر منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں راجہ الیاس، صدیق راٹھور، مقبول کیانی، نعمان میر، کامران شاہ، ابرار احمد بٹ، عدنان اعوان اور سجاد احمد سمیت مختلف مالکان اور نمائندگان نے شرکت کی۔ اس موقع پر 2021 کے ٹوارزم ایکٹ کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں شرکاء نے مشترکہ طور پر 2021 کے ٹوارزم ایکٹ کو مسترد کرتے ہوئے اس کی مذمت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء کا کہنا تھا کہ ہوٹل اور ریستوران مالکان اس قانون کو کسی طور تسلیم نہیں کرتے اور مزکورہ قانون کی آڑ میں محکمہ سیاحت آزاد کشمیر کو اس پیشے سے وابستہ افراد کے حقوق پر ڈاکہ نہیں مارنے دیا جائے گا۔ شرکاء نے وزیراعظم آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا کہ وہ سیاحت کے شعبے سے براہ راست وابستہ افراد کو اعتماد میں لیے بغیر کی گئی اس قانون سازی پر نظر ثانی کریں۔ اس موقع پر شرکاء نے مطالبات کے حصول کی جدوجہد کے لئے جائینٹ ایکشن کمیٹی ھوٹل اینڈ ریسٹورنٹ ضلع مظفرآباد کے نام سے پلیٹ فارم کا بھی اعلان کرتے ہوئے راجہ الیاس کو چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔ قانونی معاونت کے لئے بیرسٹر کامران لیگل ایڈوائزر ہوں گے۔ اس موقع پر شرکاء نے ریاست بھر کے ہوٹل اور ریستوران مالکان کو مشترکہ جدوجہد کی دعوت دیتے ہوئے دارالحکومت میں احتجاج کا عندیہ بھی دے دیا ہے۔