عالمی یوم ماحولیات پر انجمن حقوق صارفین آزادکشمیر نے آزاد جموں و کشمیر ٹربیونل برائے ماحولیات میں پٹیشن دائر کردی
مُظفرآباد(نمائندہ خصوصی) عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر، انجمن حقوق صارفین آزادکشمیر نے مُظفرآباد میں ماحولیاتی مسائل سے غفلت برتنے والے افراد کے خلاف کارروائی کی درخواست کرتے ہوئے عدالتِ برائے ماحولیات آزاد جموں و کشمیر میں پٹیشن دائر کر دی۔ تنظیم کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ وہ اس سے پہلے کئی بار ادارہ تحفظ ماحولیات کو درخواست دے چکے ہیں جس پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔درخواست میں الزام لگایا گیا ہے کہ متعلقہ حکام شہر میں فضائی آلودگی کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہے ہیں جس باعث شہر کی فضا مکدر ہو گئی ہے۔ درخواست میں ادارہ تحفظ ماحولیات EPA ،لوکل گورنمنٹ ، میونسپل کارپوریشن جنگلات و ضلع کونسل کو فریق بنایا گیا۔ ان اداروں کی ناکامی کے نتیجے میں مظفرآباد کے فضائی معیار میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور شہریوں میں سانس کی بیماریاں، آنکھوں میں جلن اور مجموعی طور پر صحت کی خرابی پیدا ہو رہی ہے۔ درخواست گزاروں کا دعویٰ ہے کہ متعلقہ حکام کھلے آسمان تلے کچرا جلاتے ہیں، جس سے شدید فضائی آلودگی پھیل رہی ہے۔ یہ ادارے جنگلات میں لگنے والی آگ اور مضر صحت دھواں خارج کرنے والی گاڑیوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ یہ تمام عوامل شہر کے فضائی معیار کی خرابی میں مزید اضافے کا باعث بن رہے ہیں۔مُظفرآباد سے تعلق رکھنے والے درخواست گزاروں نے آزاد جموں و کشمیر کے قانون برائے ماحولیاتی تحفظ کی خلاف ورزی پر متعلقہ حکام کے خلاف کارروائی کی درخواست بھی کی ہے اور عدالت سے گزارش کی ہے کہ وہ متعلقہ حکام کو شہر میں فضائی معیار کو بہتر بنانے کے لئے ضروری اقدامات کرنے کا حکم دے۔یہ درخواست قانون برائے ماحولیاتی تحفظ، 2000ء کی دفعہ 18 کے تحت دائر کی گئی ہے، اور درخواست گزاروں نے عدالت سے ماحولیاتی معیار کی تنزلی پر ذمہ دار حکام کے خلاف سزا کا مطالبہ بھی کیا ہے۔انجمن حقوق صارفین کا یہ اقدام مُظفرآباد میں ماحولیاتی مسائل کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے اور شہریوں کے صاف اور صحتمند ماحول کے حق کے قانونی تحفظ کے لیے کارروائی کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔