پاکستان معاملے کو اقوام متحدہ کے سامنے پیش کرے، مشال ملک

اسلام آباد (این این آئی)حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ پاکستان اس معاملے کو اقوام متحدہ کے سامنے پیش کرے۔ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہاکہ پانچ اگست 1947 کو آر ایس ایس کے غنڈوں نے پانچ لاکھ مسلمانوں کا قتل عام کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان کے وہی آر ایس ایس کے غنڈوں نے آئین کی شق 35اے کو ختم کر دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیر میں جو قانون حفاظت کرتا تھا اسکو تبدیل کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ اب ہندوستان نے کھلے عام دہشتگردی کی ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ کشمیر میں ہندوستانیوں کو لانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ سات لاکھ سے زیادہ بھارتی فوج مسلط کی گئی اور اب مزید بھی مسلط کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیر میں لوگوں کو قید کیا گیاہے۔انہوں نے کہاکہ تمام سیاسی قیادت کو نظر بند کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اس معاملے کو اقوام متحدہ کے سامنے پیش کرے،ورنہ نیوکلیئر وار کا خطرہ بہت قریب آگیا ہے۔دریں اثناء حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی جس میں یاسین ملک کی صحت سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔ پیر کو مشعال ملک نے سپیکر قومی اسمبلی سے سپیکر چیمبر میں ملاقات کی،ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال خصوصاً حریت رہنما یاسین ملک کی صحت سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی مشعال ملک نے بھارتی زیر حراست حریت رہنماء یاسین ملک کی گرتی ہوئی صحت بارے آگاہ کیا۔سپیکر قومی اسمبلی نے یاسین ملک کی صحت کے حوالے سے گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ یاسین ملک کا کشمیر کی آزادی اور وہاں کے عوام کے لئے بنیادی حقوقِ کی جدوجہد میں نمایاں کردار ہے۔سپیکر نے مشعال ملک سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں، کسی صورت انہیں تنہاء نہیں چھوڑیں گے۔