ارجہ کے صحافیوں کے خلاف بے بنیاد مقدمات کی مذمت کرتے ہیں‘راجہ فیصل آزاد

ارجہ(نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ ن پونچھ ڈویژن کے صدر و سابق امیدوار اسمبلی راجہ فیصل آزاد نے کہا ہے ارجہ کے صحافیوں کے خلاف بے بنیاد مقدمات کی مذمت کرتے ہیں۔ صحافی معاشرے کی آنکھ ہوتے ہیں اور اگر انہوں نے ایڈھاک تقرریوں اور میرٹ کی پامالی کے خلاف لکھا ہے تو یہ انہوں جہاد کیا ہے۔ موجودہ حکومت میں حلقہ غربی باغ میں ایک بار پھر میرٹ کی دھجیاں بکھیری جارہی ہے ہماری حکومت نے انقلابی اقدامات کرتے ہوئے تمام تقرریوں کو این ٹی ایس اور پی ایس سی سے مشروط کرکے انقلابی اقدامات کیئے تھے۔ اس وجہ سے ایسے ایسے نوجوان بچے بچیوں کی تقرریاں ہوئیں جنکی کوئی سفارش نہ تھی۔ ہم انتظامیہ کو کہتے ہیں کہ حق سچ کا علم بلند کرنے والے صحافیوں کے خلاف مقدمات فی الفور واپس لیں ورنہ ہم راست اقدام اٹھانے پر مجبور ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پونچھ ڈویژن اور بالخصوص حلقہ غربی باغ کے مسلم لیگ ن کے کارکنان میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے اگر ایف آئی آر واپس نہیں ہوتی تو ہمیں کارکنان کو روکنا مشکل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ارجہ کی کمیونٹی اور حلقے بھر سے لوگ میرٹ کی پامالی کے خلاف سڑکوں پر نکل آئیں گے جس کو روکنا انتظامیہ کے لیئے مشکل ہو جائے گا۔