مظفرآباد(نمائندہ خصوصی )جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی آزادکشمیرو چیئرمین وزیراعظم معائنہ و عملدرآمد کمیشن راجہ منصور خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی آزادکشمیر کے کارکن بلدیاتی انتخابات کی تیاری کریں۔ ایک ماہ تک تنظیم سازی کو نچلی سطح تک مکمل کریں گے۔ یونین کونسل سطح پر کارکنان انتخابات کے حوالے مشاورتی عمل شروع کر دیں۔ انشااللہ آزادکشمیر میں پی ٹی آئی وزیراعظم سردار تنویر الیاس کی قیادت میں کلین سویپ کرے گی۔پی ٹی آئی کی حکومت 30 سال بعد بلدیاتی انتخابات کروا کر اقتدار نچلی سطح تک منتقل کریگی۔ عوامی وفود سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے راجہ منصور خان نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد پی ٹی آئی کے منشور میں شامل تھا، عمران کے خان کے ویژن کے مطابق سردار تنویر الیاس کی قیادت میں پی ٹی آئی کی حکومت بلدیاتی انتخابات کروا کر آزاد خطہ کی ترقی اور خوشحالی کا سفر تیز کریگی۔ ماضی میں آزاد کشمیر میں ن لیگ ،پی پی اور ایم سی کی حکومتیں بلدیاتی انتخابات کا نعرہ لگا کر اقتدار میں آتی رہیں لیکن بلدیاتی انتخابات نہیں کروائے،پی ٹی آئی کی حکومت بلدیاتی انتخابات کروا کر تیس سالہ جمود توڑے گی، اقتدار جب نچلی سطح پر منتقل ہو گا تو ریاست کی ترقی اور خوشحالی کا سفر تیز ہو گا اور لوگوں کے مسائل مقامی سطح پر حل ہونگے۔ راجہ منصور خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے، پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام عمران خان کے کے نظریے کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ضمنی انتخاب نے ثابت کر دیا کہ پاکستان کے عوام عمران خان کے نظریے کے ساتھ کھڑے ہیں، پی ڈی ایم کو عبرتناک شکست سے دوچار کر کے پاکستانی عوام نے تمام سازشوں کو ناکام بنا دیا ہے۔ عمران خان کے مینڈیٹ کو کسی دوسرے کے پلڑے میں ڈالنے والے بھی اپنے انجام کو پہنچ چکے ہیں، تحریک انصاف سے انحراف کرنے والوں نے عوام کے ووٹ کا غلط استعمال کیا عوام نے ان سے بدلہ لیکر عیاں کر دیا کہ پی ٹی آئی کا ووٹ عمران خان کا ووٹ ہے اس میں خیانت کرنے والے اپنے انجام کو پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے عوام تاریخی کامیابی پر عمران خان اور انکی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہیں اور عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔پی ٹی آئی امیدواروں کی جیت دراصل عمران خان کے بیانیے جو کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا بیانیہ ہے کی جیت ہے۔ ثابت ہو گیا کہ عوام مخلص اور دیانتدار لیڈر کو پسند کرتے ہیں۔