از قلم : شبیر احمد ڈار
خطہ کشمیر دنیابھر میں خوب صورتی کے لحاظ سے منفرد پہچان رکھتا ہے ۔ اس خطہ میں بہت سی باصلاحیت شخصیات اپنے متعلقہ شعبہ جات میں خدمات سرانجام دے رہی ہیں ۔ انھی شخصیات میں سے ایک شخصیت باصلاحیت باپ کی ہونہار بیٹی عاصمہ ذوالفقار ہیں ۔ جو بیک وقت ثناء خوان مصطفیٰﷺ ٫معلم ٫ بہترین منتظم٫ سوشل ورکر٫ کالم نگاراور رپورٹر ہیں۔
آپ کا تعلق جہالہ ضلع باغ و تحصیل دھیرکوٹ آزادکشمیر سے ہے ابتدائی تعلیم گرلز پرائمری سکول جہالہ سے حاصل کیمیٹرک کا امتحان ہائی اسکول چلندراٹ ، انٹرمیڈیٹ کا امتحان انٹر کالج ارجہ اور گریجویشن کا امتحان آزادجموں و کشمیر مظفرآباد سے اعزازی نمبرات سے پاس کیا اور آگے بھی اپنا تعلیمی سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔
عاصمہ ذوالفقار صاحبہ کو گھر میں ادبی ماحول ملا ان کے والدمحترم ” ذوالفقار علی ذلفی ” اردو پنجابی اور پہاڑی زبان کے منفرد شاعر ہیں ان کی شخصیت کا اثر ان کی بیٹی میں بھی غالب نظر آتا ہے ۔ عاصمہ ذوالفقار صاحبہ نے اسکول دورانیہ سے لکھنے کا آغاز کیا اور مختلف سماجی ، معاشی ، معاشرتی مسائل کے ساتھ آپ کی معلوماتی تحاریر بھی منظر عام پر آ چکی ہیں آپ نے مختلف سرکاری و پرائیوٹ اداروں میں تدریسی فرائض سر انجام دیے
آپ ریڈ فاونڈیشن میں تدریسی فرائض سر انجام دے رہی ہیں اور اسکول اور ضلعی سطح کے مقابلہ جات میں طلبہ کی شخصیت کو نکھار کر سامنے لا رہی ہیں ۔
عاصمہ ذوالفقار صاحبہ مختلف قومی وبین الاقوامی اخبارات کے ساتھ ساتھ کشمیر کے ایک بڑے ڈیجیٹل نیٹ ورک کے ڈی آئ نیوز ( KDI NEWS) کے ساتھ منسلک ہیں اور صحافتی خدمات سر انجام دے رہی ہیں۔ آپ نے ہمیشہ اصولوں پر مبنی صحافت کو ترجیح دی ۔ ضلع باغ کے اندر مختلف سیاسی و سماجی تقریبات کی رپورٹنگ کے حوالے سے صحافی برادری اور عوام الناس انھیں قدر کے نگاہ سے دیکھتے ہیں مقامی لکھاریوں کی تحاریر کی اشاعت میں آپ کو خاص دلچسپی ہے ۔
آپ اعلیٰ ذوق کی حامل ادبی شخصیت ہیں نعت خوانی اور فن تقریر بھی آپ کے ذوق کا ایک خاص حصہ ہے ۔ اور سکول و کالج میں کئ نعت خوانی اور تقاریر کے مقابلہ جات میں پوزیشن بھی حاصل کر چکی ہیں ۔ آل کشمیر مقابلہ نعت کے کامیاب انعقاد میں آپ کا کردار بھی لائق تحسین تھا مختلف سماجی تنظیموں کے ساتھ ملکر سماجی خدمات سر انجام دے رہی ہیں ۔
یوم پاکستان کی پریڈ میں گرل گائیڈ کے دستے میں کشمیر کی نمائندگی کااعزاز بھی آپ کو حاصل ہے اور تین ماہ وہاں آپ نے باقاعدہ پاک آرمی کے زیر اہتمام ٹریننگ بھی کی ۔ ان کے بقول یہ لمحات آپ کی زندگی کےیادگار لمحات ہیں ۔
عاصمہ ذوالفقار کی سماجی اور صحافتی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں عاصمہ ذوالفقار کم عمری اور محدرد وسائل کے باوجودبھی اپنے آپ کو کندن بنا کر ایک اس سماج کی خدمت میں مصروف عمل ہیں.
ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسی بہت سی بلاصلاحیت خواتین ہمارے معاشرے میں انفرادی اور اجتماعی طور پر خدمات سر انجام دے رہی ہیں اگر انھیں بہترین پلیٹ فارم میسر آ جائے تو یہ اس معاشرے کو خوش شکل بنانے میں اپنا اہم کردار ادا کر سکتی ہیں ۔ عاصمہ ذوالفقار صاحبہ کی خدمات لائق تحسین ہیں ۔ امید ہے ادب کے ساتھ سماجی خدمات میں بھی یوں ہی بغیر کسی لالچ کے اپنی خدمات سر انجام دیتی رہیں گی ۔علم کی شمع کو جلاتے ہوئے مخلوق خدا کی خدمت کے لیے اپنے آپ کو ہمیشہ پیش کرتی رہیں گی۔