الزام ترشی اور انتقامی سیاست مہلک ترین،مسلم لیگ نے سیاست کے بجائے ریاست بچانے کا عزم کیا ہے، خالد وڑائچ

شارجہ ( بیورو رپورٹ ) مسلم لیگ ن کے سنیئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر چوہدری خالد جاوید وڑائچ نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت نے اپنی گزشتہ چالیس برس کی سیاست کو داؤ پر لگا کر ریاست بچانے کا عزم کیا ہے۔ مسلم لیگی رہنما چوہدری خالد جاوید وڑائچ متحدہ عرب امارت کی ریاست شارجہ میں اوورسیز پاکستانیوں سے خصوصی ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔ اووسیز پاکستانیوں کے وفد نے شارجہ کے علاقے المجرا المعروف پاکستان چوک میں وطن سے دور وطن کی خوشبو بکھرتے النواب ریسٹورینٹ میں مسلم لیگی رہنما و سابق وفاقی وزیر چوہدری خالد جاوید وڑائچ سے ملاقات کی۔ جس کا اہتمام پاکستان کی کاروباری شخصیت اور قلمکار و صحافی سہیل خاور نے کیا تھا۔چوہدری خالد جاوید وڑائچ نے کہا کہ پاکستان سنگین معاشی چیلنجز کا سامنا کررہا ہے جس کی وجہ 2018 میں برسر اقتدار آنے والی حکومت کی “ غلط معاشی پالیساں” تھیں جن کا خمیازہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کو اندرونی بیرونی سفارتی سیاسی چیلنجز درپیش ہیں مگر ان پر قابو پانے کیلئے میاں محمد شہباز شریف کی حکومت مسلسل کرششیں کررہی ہے۔ انھوں نے امید کا اظہار کیا کہ موجودہ حکومت ان چیلنجز پر کم از کم دو سال میں قابو پالے گی۔چوہدری خالد جاوید وڑائچ گزشتہ 35 سال سے صوبہ پنجاب کے تارےخ شہر ٹوبہ ٹیک سنگھ کی سیاست میں سرگرم ہیں اور پانچ بار عوام کے ووٹوں سے رکن پارلیمنٹ بن چکے ہیں مگر 8 فروری کو ہونے والے انتخابات میں شکست سے دوچار ہوئے جس کو انھوں نے خندہ پیشانی سے قبول کیا ہے۔ انتخابی معرکے میں ناکامی پر گفتگو کرتے ہوئے، چوہدری خالد جاوید وڑائچ نے کہا کہ انتخابات میں فتح و شکست زندگی کا حصہ ہے جس پر وہ ہمیشہ مطمئن رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہار کے بعد فتح نصیب ہوتی ہے اور جیت کے بعد شکست کا منہ بھی دیکھنا پڑتا ہے بس یہی جمہوریت اور زندگی کا اہم جز ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان کے حلقے میں الیکشن مکمل منصفانہ اور آزادنہ ہوئے ہیں اور وہ کسی الزام تراشی کی سیاست کا حصہ نہیں بننا چاہتے ۔ انھوں نے کہا کہ کسی الزام کے ثبوت نہ ہوں تو بلاوجہ منافرت پیدا نہیں کرنا چاہئیے۔ چوہدری خالد جاوید وڑائچ نے مزید کہا کہ ملک میں انتقامی سیاست بدقسمتی سے چلتی ہے جس کا سلسلہ بند ہونا چاہئے البتہ سیاسی قیدیوں کی رہائی پر پوچھے گئے سوال پر، انھوں نے کہا کہ کسی بھی شخصیت کا معاملہ قانون کی روشنی میں حل ہونا چاہئے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ اگر کسی نے جرم کیا ہے تو اُس کو جرم کی سزا ملنی چاہئے ۔ آج کل سیاست دانوں اور دیگر بااثر افراد کی بیرون ملک جائیدادوں کا ذکر ہوا تو چوہدری خالد جاوید وڑائچ نے کہا کہ ان کی بیرون میں تو کیا گوجرہ سے باہر بھی کوئی جائیداد نہیں ہے۔

Comments (0)
Add Comment