پاکستان کو تمام مذاہب کے ماننے والوں کیلئے امن کا گہوارہ بنائیں گے‘ثقلین مہرو

ابوظہبی (نمائندہ خصوصی)تحریک انصاف ابوظہبی کے صدر محمد ثقلین مہرو نے کہا ہے کہ پاکستان کو قائداعظم کے افکار کے مطابق تمام مذاہب کے ماننے والوں کے لیے امن کا گہوارہ بنائیں گے۔ محمد ثقلین مہرو صدر پی ٹی آئی ابو ظہبی محمد ثقلین مہرو نے یہ گفتگو مسیح راہنما فیصل خرم گِل سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔ گزشتہ روز امارت میں مقیم معروف مسیح راہنما و معروف سماجی شخصیت فیصل خرم گِل سے محمد ثقلین مہرو صدر پی ٹی آئی ابوظہبی اور محمد فہیم بیگ صدر پی ٹی آئی ام القوین نے خصوصی ملاقات کی اور پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کی دعوت دی جو انہوں نے بخوشی قبول کرتے ہوئے پاکستانی سیاست میں بھرپور کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ محمد ثقلین مہرو نے کہا کہ پی ٹی آئی قائداعظم محمد علی جناح کے نظریات پر عمل پیرا ہے اور ملک میں بسنے والی تمام مکاتب فکر اور طبقات کی نمائندگی کرتی ہے۔ عمران خان مذہبی ہم آہنگی پر نہ صرف یقین رکھتے ہیں بلکہ اس پر سختی سے کاربند بھی ہیں۔ صدر پی ٹی آئی ام القوین محمد فہیم بیگ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان میں رہنے والے تمام طبقات کو مکمل آزادی کے ساتھ ملکی ترقی اور سیاسی عمل میں حصہ لینا چاہیے۔ مسیح راہنما فیصل خرم گِل نے کہا کہ وہ عمران خان کے نظریات سے بخوبی آگاہ ہیں اور سمجھتے ہیں کہ موجودہ قیادت میں عمران خان ہی وہ واحد راہنما ہیں جو پاکستان کو درست سمت میں آگے لے کر جا سکتے ہیں۔جلد ہی مشاورت کے بعد لائحہ عمل طے کیا جائے گا اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں کو پارٹی میں شامل کیا جائے گا۔

Comments (0)
Add Comment