محمد بن راشد نے دبئی میں ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی کومنظم کرنے کا قانون جاری کردیا

ابوظہبی(نمائندہ خصوصی) نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے دبئی میں ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی کو منظم کرنے کے لیے 2022 کا قانون نمبر (9) جاری کیا ہے۔اس قانون کا مقصد امارت میں ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل کو تیز کرنا، ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی کو بڑھانا اور سرکاری اور نجی دونوں شعبوں میں خدمات کی ڈیجیٹلائزیشن کو فروغ دینا ہے۔مذکورہ قانون اور اس کے فیصلوں کے مطابق دبئی کی عدالتوں اور دبئی پبلک پراسیکیوشن سمیت سرکاری اداروں اور عدالتی حکام کے ساتھ ساتھ دبئی میں غیر سرکاری اداروں کو اپنے صارفین کو ڈیجیٹل خدمات فراہم کرنا ہونگی ۔دبئی کی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین ڈیجیٹل دبئی اتھارٹی کی سفارشات کے مطابق قانون کے نفاذ کے مختلف مراحل کے بارے میں فیصلہ جاری کریں گے۔یہ قانون ڈیجیٹل خدمات فراہم کرنے،سبسکرائب شدہ خدمات حاصل کرنے کے لیے ڈیجیٹل شناخت کو اپنانے اورسائبر سیکورٹی کے تقاضے جو دبئی الیکٹرانک سیکورٹی سنٹر نے طے کیے ہیں کے لیے شرائط طےکرتا ہے۔یہ قانون دبئی میں محکمہ خزانہ کی طرف سے منظور شدہ الیکٹرانک ادائیگی کے حل،رکاوٹوں کی صورت میں سروس کا تسلسل؛ ڈیجیٹل دبئی اتھارٹی کی طرف سے منظور شدہ ڈیجیٹل خدمات اور عربی، انگریزی اور دیگر زبانوں میں خدمات کی فراہمی کی شرائط کا بھی احاطہ کرتا ہے۔قانون کے مطابق دبئی میں فراہم کی جانے والی ڈیجیٹل خدمات صارف دوست اور معذور لوگوں کے لیے بغیر کسی اضافی فیس کے قابل رسائی ہونی چاہیے۔مزید یہ کہ ڈیجیٹل دبئی اتھارٹی دبئی کی ایگزیکٹو کونسل کے جنرل سیکریٹریٹ اور دبئی الیکٹرانک سیکیورٹی سینٹر کے ساتھ مل کر کسی ادارے کو ان شرائط میں سے کسی سے مستثنیٰ کر سکتی ہے۔قانون میں یہ شرط رکھی گئی ہے کہ صارفین کو ڈیجیٹل سروس فراہم کرنے والوں کو جمع کرائی گئی اپنی معلومات کو اپ ڈیٹ کرنے اور ادارے کی طرف سے بیان کردہ شرائط و ضوابط پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔قانون کے تحت صارفین کو سروس کے غلط استعمال اور مطلوبہ طریقہ کار پر عمل نہ کرنے پر جوابدہ ٹھہرایا جائے گا۔نئے قانون کے مطابق کوئی ادارہ متعلقہ حکام اور محکمہ خزانہ کی منظوری سے اپنی ڈیجیٹل خدمات کو کسی سرکاری یا نجی کمپنی کو آؤٹ سورس کر سکتا ہے۔آؤٹ سورسنگ کنٹریکٹ میں ہر فریق کی ذمہ داریوں کا واضح طور پر خاکہ ہونا چاہیے ۔ڈیجیٹل دبئی اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل دبئی کی ایگزیکٹو کونسل کے جنرل سیکرٹریٹ کے ساتھ مل کر اس قانون کو نافذ کرنے کے لیے ضروری فیصلے اور تکنیکی تقاضے جاری کریں گے۔ان فیصلوں کو سرکاری گزٹ جبکہ تکنیکی تقاضوں کو ڈیجیٹل دبئی اتھارٹی کی آفیشل ویب سائٹ پر شائع کیا جائے گا۔ دبئی میں تمام ڈیجیٹل سروس فراہم کرنے والوں کو اس قانون کے نفاذ کے ایک سال کے اندر اس کی دفعات کی پابندی کرنی ہوگی۔دبئی کی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین ڈیجیٹل دبئی اتھارٹی کی سفارشات کی بنیاد پر اسی مدت کے لیے اس ڈیڈ لائن کو بڑھا سکتے ہیں۔قانون میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ڈیجیٹل لین دین اور ڈیجیٹل دستخطوں سے متعلق وفاقی اور مقامی قوانین دبئی میں ڈیجیٹل سروسز پر لاگو ہوں گے۔یہ قانون سرکاری گزٹ میں شائع ہونے کی تاریخ سے نافذ العمل ہوگا۔

Comments (0)
Add Comment